ممبئی،10نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر میں حکومت بنانے کو لے کر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ہفتہ کو دیویندر فڑنویس کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔گورنر نے بی جے پی کو اکثریت ثابت کرنے کے لئے پیر کی رات آٹھ بجے تک کا وقت دیا ہے۔اس درمیان مسلسل شیوسینا کا بی جے پی پر حملہ جاری ہے۔آج بھی شولینا لیڈر سنجے راوت نے اشاروں میں بی جے پی پر حملہ بولا ہے۔راوت نے ایک شعر کے ذریعے بی جے پی کو نشانے پر لیا۔سنجے راوت نے ٹوئٹر پر لکھاکہ ’جو خاندانی رئیس ہیں وہ مزاج رکھتے ہیں نرم اپنا، تمہارا لہجہ بتا رہا ہے تمہاری دولت نئی نئی ہے‘۔ بتا دیں کہ یہ یوپی کے کانپور کی مشہور شاعرہ شبینہ ادیب کی غزل کا شعر ہے۔سنجے راوت نے اس سے پہلے وسیم بریلی کے شعرکے ذریعے بی جے پی پر حملہ کیا تھا۔انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا،’وہ جھوٹ بول رہا تھا بڑے سلیقے سے، میں اعتبار نہ کرتا تو کیا کرتا‘؟۔ شیوسینا اپنے ترجمان سامنا کے ذریعے مسلسل بی جے پی پر دباؤ بنا رہی ہے۔شیوسینا کا کہنا ہے کہ ہم صرف وہی مانگ رہے ہیں جو انتخابات سے پہلے طے ہوا تھا۔شیوسینا 50-50 کے فارمولے پر اڑی ہوئی ہے وہیں بی جے پی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کے عہدے کو لے کر کوئی بحث نہیں ہوگی۔